سورة مريم - آیت 43

يَا أَبَتِ إِنِّي قَدْ جَاءَنِي مِنَ الْعِلْمِ مَا لَمْ يَأْتِكَ فَاتَّبِعْنِي أَهْدِكَ صِرَاطًا سَوِيًّا

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اے ابا جان میرے پاس ایک ایسا علم آیا ہے جو آپ کے پاس نہیں۔ آپ میرے پیچھے چلیں میں آپ کو سیدھا راستہ بتاؤں گا۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(24) انہوں نے دوبارہ نہایت نرمی اور ادب کے ساتھ اپنے باپ کو حق کی طرف بلایا، اور کہا، ابا جان ! میرے پاس کچھ ایسا علم ہے جو آپ کے پاس نہیں ہے، اس لیے ناراض نہ ہویے اور میری بات مان لیجیے تاکہ میں آپ کو اس راہ پر لے چلوں جو اعتدال کی راہ ہے نہ اس میں یہ افراط ہے کہ جو عبادت کا مستحق نہیں ہے اس کی عبادت کی جائے اور نہ تفریط ہے کہ جو عبادت کا مستحق ہے اس کی عبادت چھوڑ دی جائے۔ اور یہی حال اخلاق و اعمال کے باب میں بھی ہے، کہ یہ راہ ہر اچھے اخلاق و اعمال کی طرف لے جاتی ہے اور برے اخلاق و اعمال سے دور رکھتی ہے، اور یہ بھی سکھاتی ہے کہ اگرچہ عرف عام میں بیٹا باپ کی پیروی کرتا ہے، لیکن حق یہ ہے کہ حق کی اتباع کی جائے اور جو محتاج ہدایت ہے وہ انسان کامل کی پیروی کرے۔ و باللہ التوفیق