سورة البقرة - آیت 218
إِنَّ الَّذِينَ آمَنُوا وَالَّذِينَ هَاجَرُوا وَجَاهَدُوا فِي سَبِيلِ اللَّهِ أُولَٰئِكَ يَرْجُونَ رَحْمَتَ اللَّهِ ۚ وَاللَّهُ غَفُورٌ رَّحِيمٌ
ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل
یقیناً صاحب ایمان لوگ‘ ہجرت کرنے والے اور اللہ کی راہ میں جہاد کرنے والے ہی رحمتِ الٰہی کے امیدوار ہیں‘ اللہ تعالیٰ بہت زیادہ بخشنے والا‘ اور بہت مہربانی کرنے والا ہے
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
306: اہل ارتداد اور ان کے انجام بد کا ذکر کرنے کے بعد اہل ایمان کا ذکر کیا گیا ہے کہ جو لوگ ایمان لائیں گے، اور اسلامی زندگی کی خاطر وطن، مال و دولت، خاندان اور دوست احباب چھوڑ کر کسی دوسری جگہ چلے جائیں گے، اور اللہ کے دین کی نصرت اور دشمنان دین کا قلع قمع کرنے کے لیے جہاد کریں گے، وہی لوگ اللہ کی رحمت کے امیدوار ہوں گے، اللہ تعالیٰ تو بڑا ہی مغفرت کرنے والا اور رحم کرنے والا ہے۔