سورة الكهف - آیت 27

وَاتْلُ مَا أُوحِيَ إِلَيْكَ مِن كِتَابِ رَبِّكَ ۖ لَا مُبَدِّلَ لِكَلِمَاتِهِ وَلَن تَجِدَ مِن دُونِهِ مُلْتَحَدًا

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” اور تلاوت کرو جو آپ کی طرف آپ کے رب کی طرف سے آپ پر کتاب میں وحی کی گئی ہے، اس کے ارشادات کو کوئی بدلنے والا نہیں اور نہ اس کے سوا آپ جائے پناہ پائیں گے۔“ (٢٧)

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(16) اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے نبی کریم (ﷺ) کو حکم دیا ہے کہ وہ قرآن کریم کی تلاوت کریں اور اس میں موجود اوامر و نواہی کو بجا لائیں، اور اس میں بیان کردہ حلال و حرام کے پابند رہیں ورنہ آپ بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہوجائیں گے، اس لیے کہ جو بھی اس قرآن کی مخالفت کرے گا قیامت کے دن اس کا انجام جہنم ہوگا، اہل معاصی اور قرآن کی مخالفت کرنے والوں سے متعلق اس کے فیصلے کو کوئی نہیں بدل سکتا۔ مزید تاکید کے طور پر اللہ نے فرمایا کہ اگر آپ نے اس کی تلاوت نہیں کی اور اس پر عمل پیرا نہیں ہوئے، تو اللہ کی وعید آپ کو بھی اپنے گھیرے میں لے لے گی، اور اس کی جناب کے علاوہ کوئی جائے پناہ آپ کو نہیں ملے گی، اس لیے کہ اس کی قدرت آپ کو اور تمام مخلوق کو محیط ہے، کوئی شخص اللہ کے کسی فیصلے سے راہ فرار اختیار نہیں کرسکتا۔