سورة النحل - آیت 65

وَاللَّهُ أَنزَلَ مِنَ السَّمَاءِ مَاءً فَأَحْيَا بِهِ الْأَرْضَ بَعْدَ مَوْتِهَا ۚ إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَآيَةً لِّقَوْمٍ يَسْمَعُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” اور اللہ نے آسمان سے پانی نازل کیا پھر اس کے ساتھ زمین کو اس کی مردگی کے بعد زندہ کردیا۔ بلاشبہ اس میں ان لوگوں کے لیے عبرت ہے جو سنتے ہیں۔“

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(39) جس طرح اللہ تعالیٰ وحی و رسالت کے ذریعہ کفر وشرک کی بیماری سے مردہ دلوں کو زندہ کرنے پر قادر ہے، اسی طرح وہ اپنی عظیم قدرت کے ذریعہ آسمان سے بارش نازل کرتا ہے اور مردہ زمین کو زندگی بخشتا ہے اور مختلف قسم کے نباتات اگتے ہیں، یقینا یہ باتیں دلیل ہیں کہ اللہ ایک ہے اور مردوں کو دوبارہ زندہ کرنے پر قادر ہے، لیکن ان دلائل سے انہی لوگوں کو فائدہ پہنچتا ہے جو آسمانوں اور زمین کی تخلیق اور قرآن کریم کی آیات میں غور و فکر کرتے ہیں اور ان میں موجود عبرتوں اور نصیحتوں سے مستفید ہوتے ہیں۔