سورة ابراھیم - آیت 0

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اللہ کے نام سے جو بے حد رحم والا، نہایت مہربان ہے

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

نام : ابراہیم (علیہ السلام) نے خانہ کعبہ بنانے کے بعد اپنے رب سے کچھ دعائیں کی تھیں، جو امت اسلامیہ کے ظہور کے بعد پوری ہوئیں جیسے بیت اللہ کا حج اور کعبہ کا مسلمانوں کے لیے قبلہ بنایا جانا، ابراہیم (علیہ السلام) اور ان کی انہی دعاؤں کی مناسبت سے اس سورت کا نام ابراہیم رکھا گیا ہے۔ زمانہ نزول : ابن عباس، عکرمہ، حسن، جابر بن زید اور قتادہ وغیرہم کے نزدیک دو یا تین آیتوں (28،29،30) کے سوا پوری سورت مکی ہے، اس سورت میں بھی عام مکی سورتوں کی طرح نبی کریم (ﷺ) کی نبوت پر استدلال کیا گیا ہے۔ کفار قریش کو قرآن اور آپ کی نبوت پر ایمان لانے کی دعوت دی گئی ہے، اور ان کے کفر و عناد کے نتیجے میں مختلف قسم کی دنیوی اور اخروی سزاؤں کی دھمکی دی گئی ہے۔