وَمَا أَرْسَلْنَا مِن قَبْلِكَ إِلَّا رِجَالًا نُّوحِي إِلَيْهِم مِّنْ أَهْلِ الْقُرَىٰ ۗ أَفَلَمْ يَسِيرُوا فِي الْأَرْضِ فَيَنظُرُوا كَيْفَ كَانَ عَاقِبَةُ الَّذِينَ مِن قَبْلِهِمْ ۗ وَلَدَارُ الْآخِرَةِ خَيْرٌ لِّلَّذِينَ اتَّقَوْا ۗ أَفَلَا تَعْقِلُونَ
” اور ہم نے آپ سے پہلے نہیں بھیجے مگر مرد، جو ان ہی بستیوں کے رہنے والے تھے اور انھی کی طرف ہم وحی کیا کرتے تھے، تو کیا وہ چلے پھرے نہیں کہ دیکھتے ان لوگوں کا انجام کیسا ہوا جو ان سے پہلے تھے اور یقیناً آخرت کا گھر ان لوگوں کے لیے بہتر ہے جو پرہیزگاری اختیار کرتے ہیں۔ تم نہیں سمجھتے ؟“
(95) مشرکین مکہ کہا کرتے تھے کہ اللہ تعالیٰ نے انسانوں کی رہنمائی کے لیے آسمان سے فرشتے کیوں نہیں بھیج دیئے، تو اللہ نے ان کی تردید میں کہا کہ اے ہمارے نبی ! ہم نے آپ سے پہلے بھی جتنے انبیاء بھیجے سبھی شہروں میں رہنے والے مرد تھے، جنہیں ہم بذریعہ وحی دین و حکمت کی تعلیم دیتے رہے، اس آیت کے مطابق جمہور علماء کی رائے ہے کہ کوئی عورت نبی نہیں ہوئی ہے۔ حافظ ابن کثیر کہتے ہیں کہ آیت میں قری سے مراد شہر ہے بادیہ نہیں، جہاں کے رہنے والے عام طور پر بداخلاق اور سخت مزاج ہوتے ہیں۔ مشہور یہی ہے کہ شہروں کے رہنے والے دیہاتیوں کی بہ نسبت نرم خو اور خوش مزاج ہوتے ہیں، اس لیے اللہ تعالیٰ نے سورۃ التوبہ آیت (97) میں فرمایا ہےİالْأَعْرَابُ أَشَدُّ كُفْرًا وَنِفَاقًاĬ کہ دیہات کے رہنے والے کفر و نفاق میں دوسروں سے زیادہ آگے ہوتے ہیں۔ قتادہ کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیشہ اپنے انبیاء شہروں میں سے اختیار کیے، اس لیے کہ وہ علم و حلم میں دیہاتیوں سے اچھے ہوتے ہیں، حسن بصری کہتے ہیں کہ اللہ کا کوئی نبی نہ بدوی ہوا نہ جن اور نہ کوئی عورت۔ (96) جو مشرکین مکہ نبی کریم (ﷺ)کی رسالت کا انکار کرتے تھے انہیں کہا جارہا ہے کہ وہ لوگ ان علاقوں میں جاکر عبرت کیوں نہیں حاصل کرتے، جہاں انہی کی طرح ماضی میں قومیں آباد تھیں، اور بہت ہی ٹھاٹھ باٹھ کے ساتھ رہتی تھیں، لیکن جب انہوں نے انبیاء کا مذاق اڑایا اور اللہ کے دین کو قبول نہیں کیا، تو کس طرح اللہ نے کافروں کو ہلاک کردیا، اور مؤمنوں کو نجات دی۔ اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ جس طرح ہم نے اپنے مومن بندوں کو دنیا کے عذاب سے بچایا، اسی طرح آخرت میں انہیں اس جنت میں داخل کریں گے جو دنیا کی تمام نعمتوں اور آسائشوں سے بہتر ہے۔