سورة یوسف - آیت 26

قَالَ هِيَ رَاوَدَتْنِي عَن نَّفْسِي ۚ وَشَهِدَ شَاهِدٌ مِّنْ أَهْلِهَا إِن كَانَ قَمِيصُهُ قُدَّ مِن قُبُلٍ فَصَدَقَتْ وَهُوَ مِنَ الْكَاذِبِينَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

یوسف نے کہا اسی نے مجھے میرے نفس سے ورغلایا ہے اور اس عورت کے گھروالوں سے ایک شخص نے گواہی دی اگر اس کی قمیص آگے سے پھٹی ہے تو عورت نے سچ کہا اور یہ جھوٹوں سے ہے۔“

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(26) یوسف نے اس کی تکذیب کرتے ہوئے کہا کہ اسی نے مجھ سے گناہ کا مطالبہ کیا تھا، تو میں نے انکار کردیا اور بھاگ پڑا، عزیز مصر کے لیے معاملہ کی حقیقت تک پہنچنا مشکل ہوگیا، تو یوسف کی برات کے لیے اللہ نے اس عورت کے ایک رشتہ دار بچے کو جو ابھی گود میں تھا، قوت گویائی دی، اس نے کہا کہ اگر یوسف کی قمیص آگے سے پھٹی ہے تو عورت سچی ہے اور وہ جھوٹا ہے، اور اگر اس کی قمیص پیچھے سے پھٹی ہے تو عورت جھوٹی ہے اور یوسف سچا ہے، جب عزیز نے دیکھا کہ قمیص پیچھے سے پھٹی ہے تو معاملہ کی تہہ تک پہنچ گیا کہ اس کی بیوی نے ہی یوسف کو گناہ پر مجبور کرنا چاہا تھا۔ بعض علماء نے اس آیت کے ضمن میں لکھا ہے کہ میں عورتوں سے شیطان کی بہ نسبت زیادہ ڈرتا ہوں اس لیے کہ اللہ تعالیٰ نے شیطان کے بارے میں کہا ہے : İإِنَّ كَيْدَ الشَّيْطَانِ كَانَ ضَعِيفًاĬ کہ شیطان کی سازش کمزور ہوتی ہے، اور عورت کے بارے میں کہا ہے : (إِنَّ كَيْدَكُنَّ عَظِيمٌ) کہ عورتوں کی سازش خطرناک ہوتی ہے۔ اور اس لیے بھی کہ شیطان چھپ کر دل میں وسوسہ ڈالتا ہے اور عورت تو سامنے سے مردوں پر حملہ کرتی ہے۔