وَكَذَٰلِكَ جَعَلْنَاكُمْ أُمَّةً وَسَطًا لِّتَكُونُوا شُهَدَاءَ عَلَى النَّاسِ وَيَكُونَ الرَّسُولُ عَلَيْكُمْ شَهِيدًا ۗ وَمَا جَعَلْنَا الْقِبْلَةَ الَّتِي كُنتَ عَلَيْهَا إِلَّا لِنَعْلَمَ مَن يَتَّبِعُ الرَّسُولَ مِمَّن يَنقَلِبُ عَلَىٰ عَقِبَيْهِ ۚ وَإِن كَانَتْ لَكَبِيرَةً إِلَّا عَلَى الَّذِينَ هَدَى اللَّهُ ۗ وَمَا كَانَ اللَّهُ لِيُضِيعَ إِيمَانَكُمْ ۚ إِنَّ اللَّهَ بِالنَّاسِ لَرَءُوفٌ رَّحِيمٌ
اسی طرح ہم نے تمہیں امت وسط بنایا تاکہ تم لوگوں پر گواہ ہو اور رسول تم پر گواہ ہو۔ جس قبلہ پرتم پہلے تھے اسے ہم نے صرف اس لیے مقرر کیا تھا تاکہ ہم جان لیں کہ رسول کا پیرو کار کون ہے اور کون اپنی ایڑیوں کے بل پھر جاتا ہے؟ گویہ کام بڑا مشکل تھا مگر جنہیں اللہ تعالیٰ نے ہدایت دی ہے ان کے لیے مشکل ثابت نہ ہوا اور اللہ تعالیٰ تمہارے ایمان کو ہرگز ضائع نہیں کرے گا۔ یقیناً اللہ تعالیٰ لوگوں کے ساتھ شفقت اور مہربانی کرنے والا ہے
208: اس آیت کریمہ میں امت مسلمہ کی فضیلت اور بڑائی بیان کی گئی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اے مسلمانو ! جس طرح ہم نے تمہیں ابراہیم کے قبلہ کی طرف پھیر دیا ہے جو سب سے افضل قبلہ ہے۔ اسی طرح ہم نے تمہیں سب سے بہترین معتدل اور صاحب عدالت امت بنایا ہے، اور تمہیں وہ دین دیا ہے جو کامل اور واضح دین ہے، جس میں نہ یہودیت کی تشدید ہے، اور نہ نصرانیت کی ڈھیل۔ 209: اس کا مشہور مفہوم یہ ہے کہ قیامت کے دن مسلمان انبیاء کے حق میں ان کی امتوں کے خلاف گواہی دیں گے، جب وہ امتیں کہیں گی کہ ہمارے پاس کوئی اللہ کی طرف بلانے والا اور اس سے ڈرانے والا نہیں آیا تھا، تو مسلمان کہیں گے، ہم گواہی دیتے ہیں کہ تمام رسولوں نے اپنی دعوت ان قوموں تک پہنچائی تھی، اسی طرح محمد ( صلی اللہ علیہ وسلم ) اللہ کے سامنے گواہی دیں گے کہ انہوں نے اللہ کا پیغام امت مسلمہ کو پہنچا دیا تھا۔ امام بخاری نے ابو سعید خدری (رض) سے روایت کی ہے، رسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) نے فرمایا کہ قیامت کے دن اللہ تعالیٰ نوح (علیہ السلام) کو بلائیں گے، اور ان سے پوچھیں گے کہ کیا تم نے میرا پیغام اپنی قوم کو پہنچا دیا تھا؟ تو وہ کہیں گے کہ ہاں، پھر ان کی امت سے پوچھا جائے گا کہ کیا اس نے میر اپیغام تمہیں پہنچا دیا تھا، تو وہ لوگ کہیں گے، ہمارے پاس کوئی ڈرانے والا نہیں آیا، اللہ نوح سے پوچھیں گے، کون ہے تمہارا گواہ؟ تو وہ کہیں گے، محمد اور ان کی امت،،، پھر مسلمان گواہی دیں گے کہ ہاں، انہوں نے پیغام پہنچا دیا تھا، اور محمد رسول اللہ گواہی دیں گے کہ انہوں نے مسلمانوں کو پیغام پہنچا دیا تھا، پھر آپ نے فرمایا : یہی مفہوم ہے اللہ کے قول کا۔ اس کا ایک معنی یہ بھی ہے کہ تاکہ تم دوسری قوموں کو راہ حق کی طرف بلانے کی ذمہ داری قبول کرو، جیسا کہ اللہ کے رسول ( صلی اللہ علیہ وسلم ) نے اللہ کے دین کی طرف دعوت دینے کی ذمہ داری سنبھالی ہے، مجاہد نے اس آیت کی تفسیر میں کہا ہے کہ تاکہ تم محمد ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کے لیے یہود، نصاری اور مجوسیوں کے سامنے گواہ بنو، انہیں دین اسلام کی طرف بلاؤ، بھلائی کا حکم دو، اور برائی سے روکو، جو دعوت اسلامیہ کی اساس اور اس کی روح ہے۔ علمائے تفسیر نے اس آیت کے ضمن میں یہ بھی کہا ہے کہ اللہ نے مسلمانوں کو لوگوں کے بارے میں گواہ بنایا ہے، اور ان کی گواہی رسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کی گواہی کے قائم مقام ہے۔ صحیح بخاری میں انس بن مالک (رض) کی روایت ہے کہ صحابہ کرام ایک جنازہ کے پاس سے گذرے اور اس کی اچھائی بیان کی، نبی کریم ( صلی اللہ علیہ وسلم ) نے کہا، واجب ہوگئی، پھر ایک دوسرے جنازہ سے گذرے تو اس کی برائی بیان کی، آپ نے کہا، واجب ہوگئی، حضرت عمر بن خطاب (رض) نے پوچھا، کیا واجب ہوگئی؟ آپ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) نے فرمایا : تم لوگوں نے اس کی اچھائی بیان کی تو اس کے لیے جنت واجب ہوگئی، اور اس کی برائی بیان کی تو اس کے لیے جہنم واجب ہوگئی، تم لوگ زمین پر اللہ کے گواہ ہو، امام حاکم نے اس حدیث کی روایت میں یہ اضافہ کیا ہے کہ آپ نے یہ آیت پڑھی، ، الآیۃ۔ فائدہ : یہ آیت، اجماع امت کے حجت ہونے کی دلیل ہے۔ اس لیے کہ اللہ تعالیٰ نے وسطا کا لفظ استعمال کیا ہے، جس کے معنی عدل اور ثقہ کے ہیں۔ اگر پوری امت غلطی پر اتفاق کرلے گی تو وہ امت وسط نہیں ہوگی۔ شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اس امت کو گمراہی پر مجتمع ہوجانے سے محفوظ رکھا ہے، اور اس میں ایک ایسی جماعت ہمیشہ رہے گی جس کے ذریعہ قیامت تک حجت پوری ہوتی رہے گی، اسی لیے امت اسلامیہ کا اجماع حجت ہے، جیسے قرآن و سنت حجت ہے۔ اور اسی لیے اس امت کے اہل حق، سنت اور جماعت کے التزام کی وجہ سے ان باطل پرستوں سے ہمیشہ ممتاز رہے، جو اس زعم باطل میں مبتلا رہے کہ وہ صرف قرآن کی اتباع کرتے ہیں، اور سنت رسول اور اجماع امت سے اعراض کرتے ہیں۔ اصحاب سنن و مسانید نے مختلف طریقوں سے رسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وسلم سلم) سے روایت کی ہے کہ یہ امت بہتر فرقوں میں بٹ جائے گی، سبھی جہنم میں جائیں گے، سوائے ایک فرقہ کے، اور وہ جماعۃ المسلمین کا فرقہ ہے۔ ایک روایت میں ہے کہ آپ نے فرمایا : وہ لوگ اس پر قائم ہوں گے جس پر آج میں اور میرے صحابہ ہیں۔ انتہی۔ اور یہ فرقہ ناجیہ اہل سنت کی جماعت ہوگی۔ یہ لوگ فرقوں میں سب سے بہتر لوگ ہیں، جیسے مذہب اسلام سب سے بہتر مذہب ہے۔ 210: یعنی اے محمد ( صلی اللہ علیہ وسلم ) ہم نے آپ کو پہلے بیت المقدس کی طرف رخ کر کے نماز پڑھنے کا حکم دیا، پھر کعبہ کی طرف پھیر دیا، تاکہ معلوم ہوجائے کہ کون آپ کی اتباع کرتا ہے، اور کون اپنے دین سے پھر جاتا ہے، کیونکہ اب بیت المقدس کے بجائے کعبہ کی طرف متوجہ ہونا مؤمنین صادقین کے علاوہ کفار اور منافقین پر تو بڑا شاق گذرے گا۔ چنانچہ ایسا ہی ہوا، اس امتحان میں کئی لوگ ناکام رہے، کئی لوگ مرتد ہوگئے، اور بہت سے منافقین نے اپنا نفاق ظاہر کردیا اور کہنے لگے کیا بات ہے کہ محمد، ہمیں کبھی ادھر پھیرتا ہے اور کبھی ادھر؟ مشرکین نے کہا کہ محمد کو اپنے دین میں شک ہوگیا، اور انہی بھانت بھانت کی بولیوں کے درمیان بعض مسلمانوں نے بھی کہنا شروع کردیا کہ ہم نے اور ہمارے فوت شدہ بھائیوں نے جو نمازیں بیت المقدس کی طرف رخ کر کے پڑھی تھیں، وہ سب ضائع ہوگئیں۔ اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو اطمینان دلاتے ہوئے فرمایا کہ تمہاری وہ نمازیں ضائع نہیں ہوئیں، اللہ اپنے بندوں پر مہربانی اور رحم کرنے والا ہے۔ فائدہ : یہ آیت دلیل ہے اس بات کی کہ اعضاء و جوارح کے ذریعہ جو اعمال صالحہ ادا کیے جاتے ہیں، وہ ایمان میں داخل ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے بیت المقدس کی طرف رخ کر کے نماز پڑھنے کو ایمان سے تعبیر کیا ہے۔