إِنَّ الَّذِينَ اتَّخَذُوا الْعِجْلَ سَيَنَالُهُمْ غَضَبٌ مِّن رَّبِّهِمْ وَذِلَّةٌ فِي الْحَيَاةِ الدُّنْيَا ۚ وَكَذَٰلِكَ نَجْزِي الْمُفْتَرِينَ
” بے شک جن لوگوں نے بچھڑے کو معبود بنایا عنقریب انہیں ان کے رب کی طرف سے بڑا غضب پہنچے گا اور دنیا کی زندگی میں بڑی رسوائی ہوگی، اور ہم جھوٹ گھڑنے والوں کو اسی طرح بدلہ دیتے ہیں۔
( 84) ان کی دعا کا اللہ تعالیٰ نے یہ جواب دیا کہ جن لوگوں نے بچھڑے کی عبادت کی وہ اللہ تعالیٰ کے غضب سے نہیں بچ سکیں گے، چنانچہ اللہ نے ان کی تو بہ یہ مقرر کی کہ ان کے موحد بچھڑے کی پو جا کرنے والوں کو قتل کریں، جیسا کہ سورۃ بقرہ میں آچکا ہے، اور دنیاوی زندگی میں ذلت ورسوائی کبھی ان کا ساتھ نہیں چھو ڑے گی۔ اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ پر افتراپردازی کرنے والے کو ہمیشہ ایسا ہی بدلہ ملا کرتا ہے، یہی وجہ ہے کہ بد عت کی ذلت ورسوائی بدعتی کے ساتھ لگی رہتی ہے، جیسا کہ حسن بصری کا قول ہے ، اور سفیان بن عیینہ کا قول ہے کہ ہر صاحب بدعت ذلیل ہوتا ہے۔