سورة الاعراف - آیت 117

وَأَوْحَيْنَا إِلَىٰ مُوسَىٰ أَنْ أَلْقِ عَصَاكَ ۖ فَإِذَا هِيَ تَلْقَفُ مَا يَأْفِكُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اور ہم نے موسیٰ کی طرف وحی کی کہ اپنی لاٹھی پھینک تو اچانک وہ ان چیزوں کو نگلنے لگی جو وہ بنارہے تھے۔ (١١٧)

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(60) اس وقت اللہ تعالیٰ نے اپنے بندے موسیٰ (علیہ السلام) کو بذریعہ وحی حکم دیا اب تمہارے دائیں ہاتھ میں جو لاٹھی ہے اسے ڈال دو، انہوں نے ایسا ہی کیا، اور وہ لاٹھی جادو گروں کے تمام جھوٹے سانپوں کو نگلنے لگی یہ دیکھ کر فرعون، اس کے کارکنان اور اس کی قوم کے لوگ ذلیل ورسوا اپنے گھروں کو لوٹنے لگے اور جادوگر کہتے ہوئے سجدہ میں گر گئے۔ ابن عباس (رض) کہتے ہیں کہ وہ لاٹھی ان کی رسیوں اور لکڑیوں کو نگلتی چلی گئی، یہ منظر دیکھ کر جا دوگر سمجھ گئے کہ یہ آسمانی معجزہ ہے، کوئی جادو نہیں، چنانچہ تمام جادو گر اللہ کے لیے سجدہ میں گر گئے، اور پکار اٹھے کہ ہم رب العالمین پر ایمان لے آئے جو موسیٰ اور ہارون کا رب ہے، علمائے تفسیر لکھتے ہیں کہ انہوں نے رب موسیٰ وھارون کی قید اس لیے لگائی تاکہ فرعون کو اپنا معبود سمجھنے والے یہ نہ گمان کریں کہ انہوں نے فرعون کے لے سجدہ کیا ہے۔