سورة الاعراف - آیت 65

وَإِلَىٰ عَادٍ أَخَاهُمْ هُودًا ۗ قَالَ يَا قَوْمِ اعْبُدُوا اللَّهَ مَا لَكُم مِّنْ إِلَٰهٍ غَيْرُهُ ۚ أَفَلَا تَتَّقُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” اور عاد کی طرف ان کے بھائی ہود کو بھیجا اس نے کہا اے میری قوم! اللہ کی عبادت کرو اس کے سوا تمہارا کوئی معبود نہیں کیا تم ڈرتے نہیں۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(47) آیت (65) سے (72) تک ہود (علیہ السلام) اور ان کی قوم (قوم عاد) کا قصہ بیان کیا گیا ہے، یہ لوگ عاد بن ارم بن عوص، بن سام بن نوح کی اولاد سے تھے، زبر دست جسمانی قوت کے مالک تھے اور بتوں کی پوجا کرتے تھے، ان کا مسکن عمان اور حضرموت کے درمیان ریگستانی علاقہ تھا ہود (علیہ السلام) اسی قوم کے ایک شریف خاندان سے تھے، جنہیں اللہ نے ان کی ہدایت کے لیے نبی بنا کر بھیجا تھا لیکن جس طرح وہ لوگ جسمانی طور پر بڑے سخت لوگ تھے، اسی طرح ان کے دل بھی بہت سخت تھے، انہوں نے ہود (علیہ السلام) کو احمق اور بے وقوف قرار دیا، اور جھوٹابتایا، اور ہزار کو ششوں کے باوجود راہ راست پر نہ آئے تو اللہ تعالیٰ نے انہیں ہلاک کردیا، قرآن کریم میں کئی جگہ یہ بتایا گیا ہے کہ اللہ نے انہیں طوفانی ہوا کے ذریعہ ہلاک کیا تھا جو آٹھ دن اور سات رات تک مسلسل چلتی رہی تھی۔