سورة التکاثر - آیت 6
لَتَرَوُنَّ الْجَحِيمَ
ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل
تم ضرور جہنم دیکھ کر رہو گے۔
تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی
[٤] دوبارہ اور سہ بارہ تاکیداً فرمایا گیا کہ تمہارے ایسے خیالات قطعاً درست نہیں ہیں۔ اور اگر تم اللہ تعالیٰ کے بتائے ہوئے دلائل میں کچھ تھوڑا بہت بھی غور و فکر کرلیتے تو تمہیں یقیناً یہ بات معلوم ہوجاتی کہ آخرت کے مقابلہ میں دنیا کے سب سامان ہیچ ہیں اور اس طرح غفلت میں نہ پڑے رہتے۔ تمہیں یہ بھی معلوم ہوجاتا کہ حقیقتاً اچھے کام کون سے ہیں؟ اور آخرت سے توجہ ہٹانے اور غافل کردینے والے کون سے؟ نیز یہ کہ کثرت کے حصول کے چکر میں پڑ کر زندگی گزارنے کا نتیجہ یہ ہوگا کہ تمہیں یقیناً جہنم کو دیکھنا ہوگا اور اس کے کچھ آثار تمہیں مرنے کے فوراً بعد عالم برزخ میں ہی نظرآنے لگیں گے۔