سورة النبأ - آیت 8

وَخَلَقْنَاكُمْ أَزْوَاجًا

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اور تمہیں جوڑوں کی شکل میں پیدا کیا ہے۔

تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی

[٦] مرد وزن کی تخلیق :۔ بقائے نوع کے لیے ہم نے انسان کی دو بڑی انواع مرد اور عورت پیدا کیں۔ ان انواع میں سے ہر ایک دوسرے کے لیے فطری کشش رکھتا ہے۔ دونوں ایک دوسرے کے لیے راحت و سکون کا باعث بنتے ہیں۔ ان میں محبت اور مودت پیدا ہوتی ہے۔ یہ دونوں ایک دوسرے کی لابدی ضرورت ہیں اور ایک دوسرے کے بغیر ان کا زندگی گزارنا مشکل ہے۔ بقائے نوع انسانی کا مقصد کچھ کم اہم نہ تھا۔ ان دونوں میں کشش، سکون اور محبت پیدا کرکے اللہ تعالیٰ نے انسان کی زندگی کو بڑا پر لطف بنا دیا۔