فَتَوَلَّوْا عَنْهُ مُدْبِرِينَ
چنانچہ وہ لوگ اسے چھوڑ کر چلے گئے۔
[٥٠] قوم ابراہیم اور جشن نوروز :۔ جب سورج برج حمل میں داخل ہوتا تو اس دن یہ قوم جشن نوروز مناتی تھی۔ اس پکنک کے لئے زور شور سے تیاریاں شروع ہوگئیں۔ علی الصبح لوگوں نے اچھے اچھے کھانے پکائے کچھ کھائے کچھ مندروں میں بتوں کے سامنے نیاز کے طور پر رکھ دیئے۔ اور نور کے تڑکے میلہ میں شمولیت کے لئے روانہ ہونے لگے تو سیدنا ابراہیم علیہ السلام کو اس میں شمولیت کی دعوت دی بلکہ ساتھ لے جانے پر اصرار کیا۔ سیدنا ابراہیم علیہ السلام ان کی بے ہودگیوں میں قطعاً شامل نہ ہونا چاہتے تھے۔ آپ کو فوراً ایک ترکیب سوجھی جو قوم کے مزاج کے موافق تھی۔ آپ نے ستاروں میں نظر ڈالی پھر کہنے لگے کہ میں تو آج بیمار ہونے والا ہوں۔ قوم نے اپنے اعتقاد کے مطابق اس عذر کو معقول سمجھا اور انہیں چھوڑنے پر رضا مند ہوگئے۔