سورة النمل - آیت 24
وَجَدتُّهَا وَقَوْمَهَا يَسْجُدُونَ لِلشَّمْسِ مِن دُونِ اللَّهِ وَزَيَّنَ لَهُمُ الشَّيْطَانُ أَعْمَالَهُمْ فَصَدَّهُمْ عَنِ السَّبِيلِ فَهُمْ لَا يَهْتَدُونَ
ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل
” میں نے دیکھاکہ وہ اور اس کی قوم اللہ کے بجائے سورج کے سامنے سجدہ کرتی ہے شیطان نے ان کے لیے ان کے اعمال خوشنما بنادیے اور انہیں ہدایت کے راستہ سے روک دیا۔ اس وجہ سے وہ سیدھاراستہ نہیں پاتے۔“
تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی
[٢٥] اہل سباکی سورج پرستی:۔یعنی یہ لوگ سورج پرست بھی ہیں اور آخرت کے منکر بھی۔ لہٰذا وہ اپنی ساری کوششیں زیادہ سے زیادہ دولت کمانے اور اپنا معیار زندگی بلند کرنے میں صرف کر رہے ہیں۔ اور اسی کام کو اپنی زندگی کا منتہائے مقصد سمجھے بیٹھے ہیں اور شیطان نے انھیں یہی بات سمجھائی ہے کہ ان کی عقلی اور فکری قوتوں کا یہی بہترین مصرف ہے کہ وہ اپنی اس دنیا کی زندگی کو زیادہ سے زیادہ شاندار بنائیں۔