سورة الشعراء - آیت 144

فَاتَّقُوا اللَّهَ وَأَطِيعُونِ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

بس تم اللہ سے ڈرو اور میری اطاعت کرو۔ (١٤٤)

تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی

[٩٠]سیدنا صالح علیہ السلام کا شجرہ نسب :۔ قوم ثمود کی ہدایت کے لئے اللہ تعالیٰ نے اسی قوم کے ایک فرد حضرت صالح علیہ السلام کو مبعوث فرمایا۔ ثمود اس قوم کے جداعلیٰ کا نام تھا اور صالح علیہ السلام کا شجرہ نسب یوں چلتا ہے۔ صالح بن عبید بن آصف بن ماشح بن عبید بن یاور بن ثمود۔ اس لحاظ سے یہ اپنی قوم کے بھائی ہوئے۔ انبیاء کی دعوت کا آغاز ہمیشہ توحید سے ہوتا ہے۔ وہ اپنی قوم کو اللہ کے احسانات یاد دلاتا ہے۔ ایسے احسانات جسے سب لوگ تسلیم کرتے ہیں کہ وہ اللہ ہی کے احسانات ہیں۔ پھر قوم کو دعوت فکر دی جاتی ہے کہ جب انعامات و احسانات کی بارش کرنے والا صرف اللہ ہے تو تم اس کی بندگی میں دوسروں کو کیوں اس کا شریک بناتے ہو۔ اور اگر قوم پیغمبر کی بات پر توجہ نہ دے یا اس کی دعوت کی مخالفت پر اتر آئے تو وہ انھیں اللہ کی گرفت اور عذاب سے ڈراتا ہے۔ یہی کام صالح علیہ السلام نے بھی اسی انداز پر سرانجام دیا۔