سورة مريم - آیت 54

وَاذْكُرْ فِي الْكِتَابِ إِسْمَاعِيلَ ۚ إِنَّهُ كَانَ صَادِقَ الْوَعْدِ وَكَانَ رَسُولًا نَّبِيًّا

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” اور قرآن مجید سے اسماعیل کا ذکر خیر کیجیے وہ وعدے کا سچا اور رسول نبی تھا۔“ (٥٤)

تفسیرتیسیرالقرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی

[٥١] سیدنا اسماعیل کے اوصاف وخصائل :۔ سیدنا ابراہیم کے دوسرے اور بڑے بیٹے سیدنا اسماعیل ذبیح اللہ تھے۔ یہ نبی تھے اور رسول بھی جبکہ سیدنا اسحاق نبی تھے جیسا کہ اوپر مذکور ہوا۔ سیدنا اسماعیل عرب حجاز کے مورث اعلیٰ ہیں (تفصیل کے لئے سورۃ ابراہیم کی آیت نمبر ٣٧ کا حاشیہ ملاحظہ فرمائیے) آپ کو ابراہیمی شریعت دے کر بنی جرہم کی طرف مبعوث کیا گیا۔ رسول اللہ انہی کی اولاد سے ہیں آپ کا صادق الوعد ہونا مشہور تھا۔ اللہ سے یا بندوں سے جو وعدہ کیا اسے ضرور پورا کرتے تھے۔ خواہ اس وعدہ وفائی میں جان تک قربان کرنی پڑے۔ باپ سیدنا ابراہیم نے اللہ کی راہ میں جان کی قربانی کے لئے کہا تو فورا ً تیار ہوگئے اور وعدہ کیا کہ میں اس معاملہ میں بھی انشاء اللہ صبر کروں گا۔ چنانچہ آپ نے کمال اطاعت کا مظاہرہ کرکے یہ وعدہ بھی پورا کیا۔