سورة الحجر - آیت 67

وَجَاءَ أَهْلُ الْمَدِينَةِ يَسْتَبْشِرُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” اور شہر کے لوگ اس حال میں آئے کہ بہت خوش ہو رہے تھے۔“

تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی

[٣٤] غنڈوں کا سیدنا لوط کے گھر میں گھس آنا :۔ اہل سدوم لواطت کے معاملہ میں اس قدر بے حیا اور بیباک ہوچکے تھے کہ سیدنا لوط علیہ السلام کا بھی کچھ لحاظ نہ کرتے تھے بلکہ الٹا انھیں یہ کہتے تھے کہ اگر تم اتنے پاکباز بنتے ہو تو ہمارے شہر سے نکل جاؤ۔ چنانچہ یہ خوبصورت لڑکے لوط علیہ السلام کے گھر پہنچے ہی تھے کہ آپ کی بیوی نے مخبری کردی اور وہ دیوار پھاند کر آپ علیہ السلام کے گھر میں گھس آئے۔ سیدنا لوط علیہ السلام نے ان کی منت کرتے ہوئے کہ دیکھو ! یہ میرے مہمان ہیں ان پر دست درازی کرکے مجھے رسوا نہ کرو۔