سورة الانعام - آیت 126

وَهَٰذَا صِرَاطُ رَبِّكَ مُسْتَقِيمًا ۗ قَدْ فَصَّلْنَا الْآيَاتِ لِقَوْمٍ يَذَّكَّرُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” اور یہ آپ کے رب کا سیدھاراستہ ہے۔ بیشک ہم نے ان لوگوں کے لیے آیات کھول کر بیان کردی ہیں جو نصیحت حاصل کرتے ہیں۔ (١٢٦)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یعنی اللہ کے فرمانبردار بندوں کے لیے اللہ تعالیٰ ایسی جائے رہائش عطا فرمائیں گے۔ جہاں ہر تکلیف سے سلامتی اور حفاظت ہوگی۔ قرآن میں ہے کہ اللہ کی سیدھی راہ اللہ کی مضبوط رسی قرآن اور حکمت ہے۔ مسند احمد کی روایت ہے کہ جنھیں اللہ کی جانب سے عقل و فہم دیا گیا ہے ان کے سامنے تو وضاحت کے ساتھ اللہ کی آیتیں آچکیں۔ ان ایمانداروں کے لیے اللہ کے ہاں جنت ہے جیسے یہ سلامتی کی راہ یہاں چلے ویسے ہی انھیں قیامت کے دن سلامتی کا گھر ملے گا، سلامتیوں کا مالک اللہ تعالیٰ ہے۔ ان پر اللہ کی طرف سے بھی سلامتی ہوگی۔فرشتے بھی ان کی سلامتی کی دعا کریں گے، آپس میں بھی ایک دوسرے کو سلامتی کی دعائیں کریں گے۔ مسلسل اور لازوال نعمتیں مہیا ہوں گی۔ (مسند احمد: ۴/ ۲۱۵، ح: ۲۱۲۴۵)