سورة المآئدہ - آیت 119

قَالَ اللَّهُ هَٰذَا يَوْمُ يَنفَعُ الصَّادِقِينَ صِدْقُهُمْ ۚ لَهُمْ جَنَّاتٌ تَجْرِي مِن تَحْتِهَا الْأَنْهَارُ خَالِدِينَ فِيهَا أَبَدًا ۚ رَّضِيَ اللَّهُ عَنْهُمْ وَرَضُوا عَنْهُ ۚ ذَٰلِكَ الْفَوْزُ الْعَظِيمُ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” اللہ فرمائے گا یہ وہ دن ہے کہ سچوں کو ان کاسچ نفع دے گا۔ ان کے لیے باغات ہیں جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں، ان میں ہمیشہ رہنے والے ہیں۔ اللہ ان سے ہمیشہ راضی ہوگیا اور وہ اللہ سے راضی ہوگئے یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔“

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

سب سے سچی بات کلمہ توحید ہے: اللہ تعالیٰ جواب میں فرمائیں گے آج تو سچ اور سچی بات ہی فائدہ دے سکتی ہے اور سب سے سچی بات کلمہ توحید ہے یعنی جن لوگوں نے کسی کو اللہ کا شریک نہ سمجھا، پھر زندگی بھر راست بازی پر قائم رہے انہی کو جنت میں داخل کیا جائے گا اور طرح طرح کے انعامات سے نوازا جائے گا۔ ایسے لوگوں سے اللہ راضی اور وہ اللہ سے راضی ۔ چونکہ مقام رضائے الٰہی جنت ہی ہے۔ یہ انھیں بہر حال حاصل ہوجائے گا اور یہی سب سے بڑی کامیابی ہے۔