سورة المآئدہ - آیت 65

وَلَوْ أَنَّ أَهْلَ الْكِتَابِ آمَنُوا وَاتَّقَوْا لَكَفَّرْنَا عَنْهُمْ سَيِّئَاتِهِمْ وَلَأَدْخَلْنَاهُمْ جَنَّاتِ النَّعِيمِ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” اور اگر واقعی اہل کتاب ایمان لے آتے اور ڈرتے تو ہم ان کے گناہ ضرور مٹادیتے اور انہیں نعمتوں والے باغات میں ضرور داخل کرتے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یعنی وہ ایمان جس کا اللہ مطالبہ کرتا ہے ان میں سب سے اہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت پر ایمان لانا ہے جیسا کہ ان کی نازل شدہ کتابوں میں بھی ان کو حکم دیا گیا ہے جن میں سب سے اہم اس شرک سے باز آنا ہے جس میں یہ مبتلا ہیں، دوسرا شرارتیں اور فتنہ و فساد برپا کرنیوالے کام چھوڑ دیں تو ان کو دوہرا اجر ملتا ہے۔ ایک روایت میں آتا ہے کہ اہل کتاب میں سے جو شخص ایمان لائے اس کو دوہرا اجر ملے گا ایک اپنے نبی اور کتاب پر ایمان لانے کا اور دوسرا مجھ پر اور قرآن پر ایمان لانے کا۔ (بخاری: ۹۷)