سورة النبأ - آیت 20

وَسُيِّرَتِ الْجِبَالُ فَكَانَتْ سَرَابًا

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اور پہاڑ چلائے جائیں یہاں تک کہ وہ سراب بن جائیں گے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

پہاڑ چلائے جائیں گے سے مراد: پہاڑوں کی زمین پر گرفت ڈھیلی پڑ جائے گی۔ جیسا کہ قرآن میں فرمایا ہے کہ تم پہاڑوں کو دیکھ رہے ہو کہ وہ پختہ، مضبوط اور جامد ہیں لیکن یہ بادلوں کی طرح چلنے لگیں گے، اور سورہ النمل ۸۸ میں فرمایا: ﴿وَ تَرَى الْجِبَالَ تَحْسَبُهَا جَامِدَةً﴾ پہاڑ مثل دھنی ہوئی روئی کے ہو جائیں گے۔ (سراب) وہ ریت جو دور سے پانی محسوس ہوتی ہے۔ پہاڑ بھی سراب کی طرح دور سے نظر آنے والی چیز بن کر رہ جائیں گے، بالکل معدوم ہو جائیں گے ان کا کوئی نشان تک باقی نہ رہے گا۔ سورہ القارعہ ۵ میں فرمایا: ﴿وَ تَكُوْنُ الْجِبَالُ كَالْعِهْنِ الْمَنْفُوْشِ﴾ اور سورہ طہ میں فرمایا: (۱۰۵ تا ۱۰۷) لوگ تجھ سے پہاڑوں کے بارے میں سوال کرتے ہیں تو کہہ انھیں میرا رب پراگندہ کر دے گا اور زمین بالکل ہموار میدان رہ جائے گی جس میں نہ کوئی موڑ ہوگا نہ ٹیلہ ہوگا۔