سورة المرسلات - آیت 50
فَبِأَيِّ حَدِيثٍ بَعْدَهُ يُؤْمِنُونَ
ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل
قرآن کے بعد اب کون سا ایسا کلام ہوگا جس پر یہ ایمان لائیں گے۔
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
یعنی حق و باطل میں امتیاز كے لحاظ سے، پند ونصیحت كے لحاظ سے، انسان كو نیك و بد سمجھانے كے لحاظ سے اور اسے اس کے اخروی انجام سے آگاہ كرنے كے لحاظ سے قرآن سے بہتر كوئی كتاب نہیں ہو سكتی، پھر اگر یہ لوگ اس پر بھی ایمان لانے كو تیار نہیں تو كیا اس كے بعد كوئی اور كتاب آسمان سے اترنے والی ہے، جس پر یہ ایمان لائیں گے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: كہ جب كوئی شخص اس آیت پر پہنچے تو یوں كہے: اٰمَنَّا بِاللہِ۔ (مستدرك حاكم، ابوداود، كتاب الصلوٰة، باب مقدار الركوع والسجود، ح ۸۸۷۔ ضعیف اس كی سند میں الاعربی مجہول راوی ہے۔) الحمد للہ سورئہ المرسلات اور انتیسویں پارے كی تفسیر بھی مكمل ہوئی۔ یہ محض اسی كا فضل وكرم اور لطف ورحم ہے۔