سورة الحاقة - آیت 16
وَانشَقَّتِ السَّمَاءُ فَهِيَ يَوْمَئِذٍ وَاهِيَةٌ
ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل
آسمان پھٹ جائے گا اور اس کی بندش ڈھیلی پڑجائے گی۔
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
قیامت كا دن: یہی قیامت كا دن ہوگا پھر اس كے اثرات زمین تك ہی محدود نہیں رہیں گے بلكہ آسمان بھی ایك بوسیدہ كپڑے كی طرح پھٹنا شروع ہو جائے گا۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں كہ آسمان ہر كھلنے كی جگہ سے پھٹ جائے گا جیسا كہ سورئہ نبا (۱۹) میں ہے: ﴿وَّ فُتِحَتِ السَّمَآءُ فَكَانَتْ اَبْوَابًا﴾ ’’آسمان كھول دیا جائے گا اور وہ دروازے دروازے ہو جائے گا۔‘‘ اس میں كئی شگاف اور دراڑیں پڑ جائیں گی اور فرشتے جو آسمانوں كے درمیان تدابیر امور پر مامور ہیں سب آسمان كے كناروں كی طرف چلے جائیں گے اور آسمان كا سارا نظام درہم برہم ہو جائے گا۔