سورة الملك - آیت 28

قُلْ أَرَأَيْتُمْ إِنْ أَهْلَكَنِيَ اللَّهُ وَمَن مَّعِيَ أَوْ رَحِمَنَا فَمَن يُجِيرُ الْكَافِرِينَ مِنْ عَذَابٍ أَلِيمٍ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

ان سے فرمائیں کہ کبھی تم نے یہ بھی سوچا ہے کہ اگر اللہ مجھے اور میرے ساتھیوں کو ہلاک کر دے یا ہم پر رحم فرمائے تو کافروں کو دردناک عذاب سے کون بچائے گا؟

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اللہ تعالیٰ اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے فرماتا ہے كہ اے نبی! ان مشركوں سے كہو جو اللہ كی نعمتوں كا انكار كر رہے ہیں كہ تم جو اس بات كی تمنا میں ہو كہ ہمیں نقصان پہنچے تو فرض كرو ہمیں خدا كی طرف سے نقصان پہنچا، یا اس نے مجھ پر اور میرے ساتھیوں پر رحم كیا، لیكن اس سے تمہیں كیا؟ صرف اس وجہ سے تو تمہارا چھٹكارا نہیں ہو سكتا۔ تمہاری نجات كی صورت تو موقوف ہے توبہ كرنے پر، اللہ كی طرف جھكنے پر اور اس كے دین كو مان لینے پر، ہمارے بچاؤ یا ہلاكت پر تمہاری نجات موقوف نہیں، تم ہمارا خیال چھوڑ كر اپنی بخشش كی صورت تلاش كرو۔