سورة الحديد - آیت 18

إِنَّ الْمُصَّدِّقِينَ وَالْمُصَّدِّقَاتِ وَأَقْرَضُوا اللَّهَ قَرْضًا حَسَنًا يُضَاعَفُ لَهُمْ وَلَهُمْ أَجْرٌ كَرِيمٌ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

مردوں اور عورتوں میں سے جو لوگ صدقہ کرنے والے ہیں اور جنہوں نے اللہ کو قرض حسنہ دیا ہے ان کو یقیناً کئی گنا بڑھا کردیا جائے گا اور ان کے لیے بہترین اجر ہے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

صدقہ وخیرات کرنے والوں کے لیے اجر وثواب: یعنی فقیر مسکین، محتاجوں اور حاجت مندوں کو خالص اللہ کی رضا کی جستجو میں جو لوگ اپنے حلال مال نیک نیتی سے راہ خدا میں صدقہ دیتے ہیں۔ ان کے بدلے اللہ تعالیٰ بہت کچھ بڑھا چڑھا کر انھیں عطا فرمائے گا۔ دس گنا اور اس سے بھی زیادہ، سات سات سو تک بلکہ ان کے ثواب بے حساب ہیں۔ مزید تشریح کے لیے اسی سورئہ کی آیت نمبر ۱۱ دیکھ لی جائے۔