سورة الطور - آیت 29

فَذَكِّرْ فَمَا أَنتَ بِنِعْمَتِ رَبِّكَ بِكَاهِنٍ وَلَا مَجْنُونٍ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

پس اے نبی آپ نصیحت کرتے رہیں اپنے رب کے فضل سے نہ آپ کاہن ہیں اور نہ دیوانے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

کاہن، دیوانہ اور شاعر کے القابات سے کفار کا آپ کو نوازنا: یہاں سے پھر کفار مکہ کے آپ پر تبصروں اور القابات کی طرف رخ مڑ گیا ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو تسلی دی جا رہی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم وعظ و تبلیغ اور نصیحت کا کام کرتے رہیے۔ اور یہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بابت جو کچھ کہتے رہتے ہیں ان کی طرف کان نہ دھریں۔ اس لیے کہ آپ اللہ کے فضل سے کاہن ہیں نہ دیوانہ (جیسا کہ وہ کہتے ہیں) بلکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر باقاعدہ ہماری طرف سے وحی آتی ہے۔ جو کہ کاہن پر نہیں آتی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم جو کلام لوگوں کو سناتے ہیں وہ دانش و بصیرت کا آئینہ دار ہوتا ہے۔ ایک دیوانے سے اس طرح کی گفتگو کیوں کر ممکن ہے؟