مُتَّكِئِينَ عَلَىٰ سُرُرٍ مَّصْفُوفَةٍ ۖ وَزَوَّجْنَاهُم بِحُورٍ عِينٍ
وہ آمنے سامنے بچھے ہوئے تختوں پر ٹیک لگائے بیٹھے ہوں گے اور ہم خوبصورت موٹی آنکھوں والی حوروں کو ان کی بیویاں بنا دیں گے
قطار در قطار سے مراد ایک دوسرے کے ساتھ ملے ہوئے ہے۔ اہل جنت، جنت میں مرصع، جڑاؤ اور شاہانہ تخت پر بڑی بے فکری سے تکیہ لگائے بیٹھے ہوں گے۔ انہیں ضرورت نہ ہو گی کہ اٹھیں یا ہلیں جلیں، بے شمار، سلیقہ شعار خدام ہر طرح کی خدمت کے لیے کمر بستہ کھڑے ہوں گے جس چیز کو دل چاہے آن کی آن میں موجود ہو گی سامنے بے انتہا خوبصورت، خوب سیرت، گورے گورے پنڈے والی بڑی بڑی رسیلی آنکھوں والی، بہت سی حوریں، پاک دل، عفت ماب، دل بہلانے اور خواہش پوری کرنے کے لیے کھڑی ہوں گی، ہر ہر نعمت اور رحمت چہار طرف بکھری ہوئی ہو گی۔ پھر بھلا انھیں کس چیز کی کمی پھر فرمایا ہم نے ان کے نکاح میں حوریں دے رکھی ہیں۔ جو کبھی دل میلا نہ کریں، جب آنکھ پڑے جی خوش ہو جائے۔