سورة آل عمران - آیت 180

وَلَا يَحْسَبَنَّ الَّذِينَ يَبْخَلُونَ بِمَا آتَاهُمُ اللَّهُ مِن فَضْلِهِ هُوَ خَيْرًا لَّهُم ۖ بَلْ هُوَ شَرٌّ لَّهُمْ ۖ سَيُطَوَّقُونَ مَا بَخِلُوا بِهِ يَوْمَ الْقِيَامَةِ ۗ وَلِلَّهِ مِيرَاثُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ۗ وَاللَّهُ بِمَا تَعْمَلُونَ خَبِيرٌ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

جنہیں اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے کچھ دے رکھا ہے وہ بخل کو اپنے لیے بہتر نہ سمجھیں بلکہ بخل کرنا ان کے لیے برا ہے عنقریب قیامت کے دن وہ بخل والی چیز ان کے گلے میں ڈالی جائے گی۔ اللہ ہی کے لیے آسمانوں اور زمین کی ملکیت ہے اور جو کچھ تم کر رہے ہو اس سے اللہ تعالیٰ باخبر ہے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کی فراوانی اس بات کی دلیل نہیں ہوتی کہ اللہ ان پر خوش ہے۔ اگر اللہ کے دیے ہوئے مال سے اس کا حق ادا نہ کیا جائے اور بُخل سے کام لیا جائے تو قیامت کے دن یہی مال و دولت اس کے لیے عذاب بن جائے گا۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جس شخص کو اللہ مال عطا فرمائے، پھر وہ اس سے زکوٰۃ ادا نہ کرے تو قیامت کے دن اس کا مال ایک گنجے سانپ کی شکل میں ہوگا جس کی آنکھوں پر دوکالے نقطے ہوں گے وہ سانپ اس کے گلے کا طوق بن جائے گا، اور اس کی دونوں باچھیں پکڑ کر کہے گا، میں تیرا مال ہوں، میں تیرا خزانہ ہوں پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ آیت پڑھی۔ (مسلم: ۹۸۸، بخاری: ۴۵۶۵) ہر چیز اللہ کی میراث ہے: یعنی جو مال تم چھوڑ کر مر جاؤ گے وہ تمہارے وارثوں کا ہوگا اور بالآخر اللہ ہی کی میراث میں چلا جائے گا۔ ایک حدیث میں آتا ہے کہ رسول اللہ نے فرمایا ’’انسان کہتا رہتا ہے کہ یہ میرا مال ہے، یہ میرا مال ہے حالانکہ اس کا مال وہی ہے جو اس نے کھالیا، پہن لیا، اللہ کی راہ میں دے دیا۔ باقی مال تو اس کے وارثوں میں ہوگا۔‘‘ (مسلم: ۲۹۵۸، ترمذی: ۲۳۴۲) آپ سے کسی نے سوال کیا کہ ’’افضل صدقہ کونسا ہے‘‘ آپ نے فرمایا ’’جو تو تندرستی کی حالت میں مال کی خواہش، مالدار ہونے کی اُمید اور محتاجی کا ڈر رکھتے ہوئے کرے اور اتنی دیر مت لگا کہ حلق میں دم آجائے تو اس وقت یوں کہنے لگے کہ اتنا مال فلاں کو دے دینا اور اتنا فلاں کو، حالانکہ اب تو وہ فلاں کا ہی ہوچکا۔‘‘ (بخاری: ۲۷۴۸)