سورة الحجرات - آیت 15

إِنَّمَا الْمُؤْمِنُونَ الَّذِينَ آمَنُوا بِاللَّهِ وَرَسُولِهِ ثُمَّ لَمْ يَرْتَابُوا وَجَاهَدُوا بِأَمْوَالِهِمْ وَأَنفُسِهِمْ فِي سَبِيلِ اللَّهِ ۚ أُولَٰئِكَ هُمُ الصَّادِقُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

حقیقت میں مومن وہ ہیں جو اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لائے پھر انہوں نے کوئی شک نہ کیا اور اپنی جانوں اور مالوں سے اللہ کی راہ میں جہاد کیا، یہی لوگ سچے ہیں۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

کامل ایمان والے: یعنی کامل ایمان والے صرف وہ لوگ ہیں جو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر دل سے یقین رکھتے ہیں پھر نہ شک کرتے ہیں نہ ان کے دل میں کوئی نکما خیال پیدا ہوتا ہے۔ بلکہ خالص تصدیق اور کامل یقین پر جم جاتے ہیں اور اپنے نفس اور دل کی چاہت کو، اور اسی طرح اپنے مالوں کو بلکہ اپنی جانوں کو بھی راہ خدا کے جہاد میں خرچ کرتے ہیں۔ یعنی یہ ان لوگوں کی طرح نہیں جو صرف زبان سے ہی ایمان کا دعویٰ کر کے رہ جاتے ہیں۔ اور منافقوں کی طرح حیلے بہانوں سے راہ فرار اختیار نہیں کرتے۔ ایسے ہی لوگ راست باز ہوتے ہیں۔