سورة محمد - آیت 35

فَلَا تَهِنُوا وَتَدْعُوا إِلَى السَّلْمِ وَأَنتُمُ الْأَعْلَوْنَ وَاللَّهُ مَعَكُمْ وَلَن يَتِرَكُمْ أَعْمَالَكُمْ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

پس تم سستی نہ کرو اور صلح کی درخواست نہ کرو، تم ہی غالب رہنے والے ہو۔ اللہ تمہارے ساتھ ہے وہ تمہارے اعمال ہرگز کم نہیں کرے گا۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

مطلب یہ کہ جب تم تعداد اور قوت و طاقت کے اعتبار سے دشمن پر غالب اور فائق تر ہو تو ایسی صورت میں کفار کے ساتھ صلح اور کمزوری کا مظاہرہ مت کرو بلکہ کفر پر ایسی کاری ضرب لگاؤ کہ اللہ کا دین سر بلند ہو جائے۔ غالب اور برتر ہوتے ہوئے کفر کے ساتھ مصالحت کا مطلب، کفر کے اثر و نفوذ کے بڑھانے میں اس کی مدد دینا ہے یہ ایک بڑا جرم ہے۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ کافروں کے ساتھ صلح کرنے کی اجازت نہیں۔ یہ اجازت یقیناً ہے لیکن ہر وقت نہیں یہ اجازت صرف اس وقت ہے جب مسلمان تعداد میں کم ہوں اور وسائل کے لحاظ سے فروتر ہوں۔ ایسے حالات میں لڑائی کی بہ نسبت صلح میں زیادہ فائدہ ہے۔ تاکہ مسلمان اس موقعہ سے فائدہ اٹھا کر بھرپور تیاری کر لیں۔ جیسے خود نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے کفار مکہ سے جنگ نہ کرنے کا دس سالہ معاہدہ کیا تھا۔ اللہ تعالیٰ تمہارے ساتھ ہے: اس میں مسلمانوں کے لیے دشمن پر فتح و نصرت کی عظیم بشارت ہے کہ جس کے ساتھ اللہ ہو، اس کو کون شکست دے سکتا ہے۔ تمہاری چھوٹی سے چھوٹی نیکی بھی وہ ضائع نہ کرے گا بلکہ اس کا پورا پورا اجر و ثواب تمہیں عنایت فرمائے گا۔