وَيَوْمَ يُعْرَضُ الَّذِينَ كَفَرُوا عَلَى النَّارِ أَلَيْسَ هَٰذَا بِالْحَقِّ ۖ قَالُوا بَلَىٰ وَرَبِّنَا ۚ قَالَ فَذُوقُوا الْعَذَابَ بِمَا كُنتُمْ تَكْفُرُونَ
جس دن کافر آگ کے سامنے پیش کیے جائیں گے، اس وقت ان سے پوچھا جائے گا کیا یہ حق نہیں ہے؟ یہ کہیں گے ہاں ہمارے رب کی قسم یہ واقعی حق ہے اللہ فرمائے گا اچھا اب عذاب کا مزا چکھو اپنے اس انکار کی وجہ سے جو تم کرتے رہے تھے۔
یعنی قیامت والے دن جب کافر جہنم میں ڈالے جائیں اس سے پہلے جہنم کے کنارے پر انھیں کھڑا کر کے ایک دفعہ پھر لا جواب اور بے حجت کیا جائے گا اور کہا جائے گا کیوں جی ہمارے وعدے اور یہ دوزخ کے عذاب اب تو سچ نکلے یا اب بھی شک و شبہ اور انکار و تکذیب ہے۔ یہ جادو تو نہیں۔ تمہاری آنکھیں جو دیکھ رہی ہیں صحیح حقیقت ہے کہ نہیں؟ اب سوائے اقرار کے کچھ نہ بن پڑے گا جواب دیں گے کہ ہاں سب حق ہے جو کہا گیا تھا وہی نکلا۔ قسم اللہ کی اب ہمیں رتی برابر بھی شک نہیں۔ اللہ فرمائے گا اب دو گھڑی پہلے کے کفر کا مزہ چکھو۔