سورة الزخرف - آیت 85

وَتَبَارَكَ الَّذِي لَهُ مُلْكُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَمَا بَيْنَهُمَا وَعِندَهُ عِلْمُ السَّاعَةِ وَإِلَيْهِ تُرْجَعُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

بہت بابرکت ہے ” اللہ“ جس کے قبضے میں زمین اور آسمانوں اور ہر اس چیز کی بادشاہی ہے جو زمین و آسمان کے درمیان پائی جاتی ہے اور وہی قیامت کا علم رکھتا ہے اور اسی کی طرف تم سب لوٹائے جانے والے ہو

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اللہ تعالیٰ کی چند صفات: زمین و آسمان میں اللہ وہی ہے جو تمہارے پوشیدہ اور ظاہر کو اور تمہارے ہر ہر عمل کو جانتا ہے۔ وہ سب کا مالک و خالق سب کو بنانے اور بسانے والا، سب پر حکومت و سلطنت رکھنے والا، بڑی برکتوں والا ہے۔ وہ تمام عیبوں سے پاک ہے۔ بلندیوں اور عظمتوں والا ہے۔ کوئی نہیں جو اس کا حکم ٹال سکے۔ کوئی نہیں جو اس کی مرضی بدل سکے۔ ہر ایک پر قابض وہی ہے ہر ایک کام اس کی قدرت کے تحت ہے۔ قیامت آنے کے وقت کو وہی جانتا ہے۔ اس کے سوا کسی کو اس کے آنے کا ٹھیک وقت معلوم نہیں۔ ساری مخلوق اس کی طرف لوٹائی جائے گی۔ وہ ہر ایک کو اپنے اپنے اعمال کا بدلہ دے گا۔