سورة الزخرف - آیت 31
وَقَالُوا لَوْلَا نُزِّلَ هَٰذَا الْقُرْآنُ عَلَىٰ رَجُلٍ مِّنَ الْقَرْيَتَيْنِ عَظِيمٍ
ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل
کہتے ہیں یہ قرآن دو شہروں کے بڑے آدمیوں میں سے کسی پر کیوں نہ نازل کیا گیا۔
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
دونوں بستیوں سے مراد مکہ اور طائف ہے اور بڑے آدمی سے مراد اکثر مفسرین کے نزدیک مکے کا ولید بن مغیرہ اور طائف کا عروہ بن مسعود ثقفی ہے۔ بعض نے کچھ اور لوگوں کے نام ذکر کیے ہیں۔ تاہم مقصد اس سے ایسے آدمی کا انتخاب ہے جو پہلے سے عظیم، جاہ و منصب کا حامل، کثیر المال اور اپنی قوم میں مانا ہوا ہو۔ یعنی قرآن اگر نازل ہوتا تو دونوں بستیوں میں سے کسی ایسی ہی شخصیت پر نازل ہوتا ناکہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر جن کا دامن دولت دنیا سے بھی خالی ہے۔ اور اپنی قوم میں قیادت و سیادت کے منصب پر فائز نہیں ہیں۔