سورة آل عمران - آیت 144

وَمَا مُحَمَّدٌ إِلَّا رَسُولٌ قَدْ خَلَتْ مِن قَبْلِهِ الرُّسُلُ ۚ أَفَإِن مَّاتَ أَوْ قُتِلَ انقَلَبْتُمْ عَلَىٰ أَعْقَابِكُمْ ۚ وَمَن يَنقَلِبْ عَلَىٰ عَقِبَيْهِ فَلَن يَضُرَّ اللَّهَ شَيْئًا ۗ وَسَيَجْزِي اللَّهُ الشَّاكِرِينَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

(حضرت) محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) رسول ہیں ان سے پہلے رسول گزر چکے ہیں۔ کیا ان کو موت آجائے یا یہ شہید ہوجائیں تو تم اپنی ایڑیوں کے بل پھر جاؤ گے؟ اور جو کوئی اپنی ایڑیوں پر پھر جائے تو وہ اللہ تعالیٰ کا ہرگز کچھ نہیں بگا ڑے گا۔ عنقریب اللہ تعالیٰ شکر گزاروں کو بدلہ دے گا

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

محمد صلی اللہ علیہ وسلم ایک رسول: یعنی ان کا امتیاز بھی وصف رسالت ہی ہے۔ یہ نہیں کہ وہ بشری خصائص سے بالاتر اور خدائی صفات سے متصف ہیں کہ انھیں موت سے دوچارنہ ہونا پڑے گا۔ عارضی شکست کا سبب: جنگ اُحد میں شکست کے اسباب میں سے ایک سبب یہ بھی تھا کہ رسول اللہ کے بارے میں کافروں نے یہ افواہ اڑادی کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم قتل کردیے گئے ہیں(نعوذباللہ) مسلمانوں میں جب یہ خبر پھیلی تو اس سے بعض مسلمانوں کے حوصلے پست ہوگئے اور وہ لڑائی سے پیچھے ہٹ گئے جس پر یہ آیت نازل ہوئی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا کافروں کے ہاتھوں قتل ہوجانا یا ان پر موت کا وارد ہوجانا کوئی نئی بات تو نہیں ہے ۔ پچھلے انبیاء علیہم السلام بھی قتل اور موت سے ہم کنار ہوچکے ہیں۔ اگر آپ بھی بالفرض اس سے دوچار ہوجائیں تو کیا تم اس دین سے ہی پھر جاؤ گے، یا د رکھو جو اس دین سے پھر جائے گا وہ اپنا ہی نقصان کرے گا اللہ کا کچھ نہیں بگاڑ سکے گا، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے سانحہ وفات کے وقت جب حضرت عمر رضی اللہ عنہ شدت جذبات میں وفات نبوی کا انکار کررہے تھے، تو حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے نہایت حکمت سے کام لیتے ہوئے منبر رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے پہلو میں کھڑے ہوکر انہی آیات کی تلاوت کی جن سے حضرت عمر رضی اللہ عنہ بھی متاثر ہوئے اور انھیں یوں لگا کہ جیسے یہ آیات ابھی ابھی اتری ہیں۔ نیک بدلہ والے لوگ وہ ہیں جنھوں نے ثابت قدمی اور صبرو استقامت کا مظاہرہ کیا اور شکرگزاری کا رویہ اپنایا۔ (بخاری: ۴۴۵۴)