سورة الزخرف - آیت 9

وَلَئِن سَأَلْتَهُم مَّنْ خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ لَيَقُولُنَّ خَلَقَهُنَّ الْعَزِيزُ الْعَلِيمُ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اگر تم ان لوگوں سے پوچھو کہ زمین اور آسمانوں کو کس نے پیدا کیا ہے تو یہ کہیں گے کہ انہیں زبردست علیم ہستی نے پیدا کیا ہے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

زمین کو گہوارہ بنایا: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: اے نبی! اگر تم ان مشرکین سے دریافت کرو تو یہ اس بات کا اقرار کریں گے کہ زمین و آسمان کا خالق اللہ ہے۔ پھر بھی اس کی وحدانیت کو جان اور مان کر دوسروں کو اس کی عبادت میں شریک ٹھہرا رہے ہیں۔ جس نے زمین کو فرش اور ٹھہری ہوئی قرار گاہ بنایا۔ جس پر تم چلو پھرو۔ رہو سہو، اٹھو بیٹھو، سوؤ جاگو۔ حالانکہ زمین خود پانی پر ہے۔ لیکن مضبوط پہاڑوں کے ساتھ اسے ہلنے جلنے سے روک دیا ہے۔ اور اس میں راستے بنا دیے ہیں تاکہ تم ایک شہر سے دوسرے شہر کو، ایک ملک سے دوسرے ملک کو پہنچ سکو۔