سورة فصلت - آیت 52

قُلْ أَرَأَيْتُمْ إِن كَانَ مِنْ عِندِ اللَّهِ ثُمَّ كَفَرْتُم بِهِ مَنْ أَضَلُّ مِمَّنْ هُوَ فِي شِقَاقٍ بَعِيدٍ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اے نبی ان سے فرمائیں کبھی تم نے یہ سوچا کہ اگر واقعی یہ قرآن اللہ کی طرف سے ہے اور تم اس کا انکار کرتے رہے تو اس شخص سے بڑھ کر بھٹکا ہوا اور کون ہوگا جو اس کی مخالفت میں دور نکل گیا ہو

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

قرآن کریم کی حقانیت کے بعض دلائل: اللہ تعالیٰ اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے فرماتا ہے کہ قرآن کو جھٹلانے والے مشرکوں سے کہہ دو۔ کہ مان لو کہ یہ قرآن سچ سچ اللہ ہی کی طرف سے ہے۔ اور تم اسے جھٹلا رہے ہو تو اللہ کے ہاں تمہارا کیا حال ہو گا؟ اس سے بڑھ کر گمراہ اور کون ہو گا۔ جو اپنے فکر اور اپنی مخالفت کی وجہ سے راہ حق سے اور مسلک ہدایت سے بہت دور نکل گیا ہو۔