وَلَئِنْ أَذَقْنَاهُ رَحْمَةً مِّنَّا مِن بَعْدِ ضَرَّاءَ مَسَّتْهُ لَيَقُولَنَّ هَٰذَا لِي وَمَا أَظُنُّ السَّاعَةَ قَائِمَةً وَلَئِن رُّجِعْتُ إِلَىٰ رَبِّي إِنَّ لِي عِندَهُ لَلْحُسْنَىٰ ۚ فَلَنُنَبِّئَنَّ الَّذِينَ كَفَرُوا بِمَا عَمِلُوا وَلَنُذِيقَنَّهُم مِّنْ عَذَابٍ غَلِيظٍ
مگر جونہی تکلیف کے بعد ہم اسے اپنی رحمت سے نوازتے ہیں تو کہتا ہے کہ میں اسی کا حقدار تھا اور میں نہیں سمجھتا کہ قیامت آئے گی، اگر بالفرض میں اپنے رب کی طرف لٹایا گیا تو وہاں بھی میر انجام بہتر ہوگا۔ حالانکہ کفر کرنے والوں کو یقیناً ہم بتا کر رہیں گے کہ وہ کیا کر کے آئے ہیں اور انہیں ہم بڑے سخت عذاب کا مزہ چکھائیں گے۔
یعنی اگر اسے کسی برائی اور سختی کے بعد راحت مل جائے۔ تو کہنے لگتا ہے کہ یہ میرا اللہ پر حق تھا۔ میں اسی لائق تھا۔ اور نعمت کو بھول جاتا ہے۔ اللہ کو بھول جاتا ہے۔ صاف منکر بن جاتا ہے قیامت کے آنے کا صاف انکار کر دیتا ہے۔ مال و دولت آرام و راحت اس کے کفر کا سبب بن جاتے ہیں۔ پھر اتنا ہی نہیں بلکہ اس بد اعمالی پر بھلی اُمیدیں بھی کرتا ہے۔ کہ جس طرح میری دنیا خیر سے گزر رہی ہے تو آخرت بھی میرے لیے ایسی ہی ہو گی۔ گندے عذاب کا مزہ چکھائیں گے: غلیظ کے معنی موٹا، دبیز، گاڑھا، سخت اور گندہ سب آتا ہے۔ اور یہاں یہ لفظ سخت اور گندہ دونوں معنوں میں استعمال ہو رہا ہے۔ اور یہ عذاب گندہ اس لحاظ سے ہو گا کہ ایسے لوگوں کو پینے کے لیے پیپ، کچ لہو، زخموں کا دھوون، انتہائی متعفن، بدبودار اور شدید ٹھنڈا پانی وغیرہ جیسی چیزیں پینے کو ملیں گی، جن سے انسان کو گھن آتی ہے۔