سورة فصلت - آیت 35

وَمَا يُلَقَّاهَا إِلَّا الَّذِينَ صَبَرُوا وَمَا يُلَقَّاهَا إِلَّا ذُو حَظٍّ عَظِيمٍ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

ان لوگوں کو یہ خوبی حاصل ہوتی ہے جو صبر کرتے ہیں اور یہ مقام ان لوگوں کو حاصل ہوتا ہے جو بڑے نصیبے والے ہیں۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یعنی برائی کو بھلائی کے ساتھ ٹالنے کی خوبی اگرچہ نہایت مفید اور بڑی ثمر آور ہے۔ لیکن اس پر عمل وہی کر سکیں گے۔ جو صابر ہوں گے، غصے کو پی جانے والے، اور ناپسندیدہ باتوں کو برداشت کرنے والے ہوں گے۔ بڑا نصیبہ سے مراد جنت ہے، بڑے نصیبے والا وہ ہوتا ہے جس کے لیے جنت میں جانا لکھ دیا گیا ہو۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: پہلوان وہ نہیں ہے جو کشتی میں مقابل کو پچھاڑ دے۔ بلکہ پہلوان وہ ہے جو غصہ میں اپنے نفس کو قابو میں رکھے۔ (بخاری: ۶۱۱۴، مسلم: ۲۶۰۹)