سورة فصلت - آیت 4

بَشِيرًا وَنَذِيرًا فَأَعْرَضَ أَكْثَرُهُمْ فَهُمْ لَا يَسْمَعُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

قرآن بشارت دینے والا اور ڈرانے والا ہے مگر ان کی اکثر یت اس سے روگردانی کرتی اور اسے بے توجہگی سے سنتی ہے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اکثر لوگوں نے اعتراض کیا: قرآن کی ان گونا گوں خوبیوں کے باوجود زیادہ تر لوگ اس کی مخالفت پر اتر آئے۔ وہ اس کی آیات کو سننا بھی گوارا نہیں کرتے تسلیم کرنا تو درکنار۔ پھر اپنی خصلت پر فخر بھی کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اس کی تعلیم ہمارے دلوں پر مطلق اثر انداز نہیں ہو سکتی۔ ہمارے دل ایسے اثر قبول کرنے سے کلیتاً محفوظ ہیں۔ ایسی باتیں سن سن کر ہمارے کان پک گئے ہیں لہٰذا وہ سننے کی زحمت بھی گوارا نہیں کرتے اور کہتے ہیں کہ اے محمد ( صلی اللہ علیہ وسلم ) تمہاری اس دعوت سے تمہارے اور ہمارے درمیان عداوت کی ایک دیوار حائل ہو چکی ہے۔ اور اس دعوت نے ہمارے اور تمہارے درمیان جدائی ڈال دی ہے لہٰذا ہم تمہاری اس دعوت کو کسی قیمت پر قبول کرنے کو تیار نہیں۔