اللَّهُ الَّذِي جَعَلَ لَكُمُ الْأَرْضَ قَرَارًا وَالسَّمَاءَ بِنَاءً وَصَوَّرَكُمْ فَأَحْسَنَ صُوَرَكُمْ وَرَزَقَكُم مِّنَ الطَّيِّبَاتِ ۚ ذَٰلِكُمُ اللَّهُ رَبُّكُمْ ۖ فَتَبَارَكَ اللَّهُ رَبُّ الْعَالَمِينَ
اللہ ہی تو ہے جس نے تمہارے لیے زمین کو جائے قرار بنایا اور آسمان کو چھت ٹھہرایا، اسی نے تمہاری صورتیں بنائیں اور بڑی ہی اچھی بنائیں اسی نے تمہیں پاکیزہ چیزوں کا رزق دیا، یہ ” اللہ“ ہی تمہارا رب ہے اور بے حساب برکتوں والا ہے۔
زمین کو جائے قرار بنایا: اللہ تعالیٰ نے تمھارے لیے زمین کو جائے قرار بنایا یعنی ٹھہری ہوئی اور فرش کی طرح بچھی ہوئی، کہ تم اس پر اپنی زندگی گزارو۔ چلو پھرو، آؤ جاؤ۔ اس پر پہاڑوں کو اس طرح گاڑ کر ٹھہرا دیا کہ اب ہل نہیں سکتی۔ آسمان کو تمہارے لیے چھت بنایا جو ہر طرح سے محفوظ ہے۔ یعنی قائم اور ثابت رہنے والی چھت۔ اگر اس کے گرنے کا اندیشہ ہوتا تو کوئی شخص آرام کی نیند سو سکتا تھا نہ کسی کے لیے کاروبار حیات کرنا ممکن ہوتا ہے۔ عمدہ صورتیں بنائیں: یعنی جتنے بھی روئے زمین پر حیوانات ہیں۔ ان سب میں تم انسانوں کو سب سے زیادہ خوش شکل، موزوں قامت، مناسب اعضا اور سڈول بدن عطا فرمایا۔ انواع و اقسام کے کھانے تمہارے لیے مہیا کیے جو لذیذ بھی ہیں اور قوت بخش بھی۔ اس نے کھلایا پلایا پہنایا اوڑھایا۔ پس صحیح معنوں میں خالق و رازق وہی رب العالمین ہے جیسے سورہ بقرہ (۲۱) میں فرمایا کہ: ﴿يٰاَيُّهَا النَّاسُ اعْبُدُوْا رَبَّكُمُ الَّذِيْ خَلَقَكُمْ﴾ ’’لوگو! اپنے اس رب کی عبادت کرو جس نے تمہیں اور تم سے اگلوں کو پیدا کیا تاکہ تم بچو۔ اسی نے تمہارے لیے زمین کو فرش اور آسمان کو چھت بنایا۔ اور آسمان سے بارش نازل فرما کر اس کی وجہ سے زمین سے پھل نکال کر تمہیں روزیاں دیں۔ پس تم ان باتوں کے جاننے کے باوجود اللہ کے شریک اوروں کو نہ بناؤ۔ یہاں بھی اپنی صفتیں بیان فرما کر ارشاد فرمایا کہ یہی تمہارا رب ہے۔ اور سارے جہاں کا رب بھی وہی ہے۔ وہ بلندی، پاکیزگی، برتری اور بزرگی والا ہے۔‘‘