سورة غافر - آیت 16

يَوْمَ هُم بَارِزُونَ ۖ لَا يَخْفَىٰ عَلَى اللَّهِ مِنْهُمْ شَيْءٌ ۚ لِّمَنِ الْمُلْكُ الْيَوْمَ ۖ لِلَّهِ الْوَاحِدِ الْقَهَّارِ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

جس دن اللہ سے ان کی کوئی بات بھی چھپی ہوئی نہ ہوگی، پوچھا جائے گا کہ آج کس کی بادشاہی ہے۔ ہر کوئی پکار اٹھے گا کہ ایک اللہ واحد قہار کی بادشاہی ہے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

قیامت کے دن اللہ تعالیٰ کا دنیا کے بادشاہوں سے خطاب: ایک حدیث میں آتا ہے کہ اللہ تعالیٰ آسمان و زمین کو اپنے ہاتھ میں لپیٹ لے گا اور فرمائے گا، میں بادشاہ ہوں، میں جبار ہوں، متکبر ہوں زمین کے بادشاہ اور جبار اور متکبر لوگ آج کہاں ہیں۔ (مسلم: ۲۷۸۸) صور کی حدیث میں ہے کہ اللہ تعالیٰ جب تمام مخلوق کی روح قبض کر لے گا۔ اور اس وحدہ لا شریک کے سوا کوئی باقی نہ رہے گا۔ اس وقت تین مرتبہ فرمائے گا۔ آج ملک کس کا ہے؟ پھر خود ہی جواب دے گا۔ اللہ اکیلے غالب کا۔ یعنی اس کا جو واحد ہے۔ جو ہر چیز پر غالب ہے۔ جس کی ملکیت میں ہر چیز ہے۔