سورة الزمر - آیت 28

قُرْآنًا عَرَبِيًّا غَيْرَ ذِي عِوَجٍ لَّعَلَّهُمْ يَتَّقُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

قرآن عربی زبان میں ہے جس میں کوئی ٹیڑھ نہیں ہے تاکہ لوگ برے انجام سے بچیں۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

قرآن خالص عربی زبان میں کیوں ہے: یہ قرآن فصیح عربی میں ہے جس میں کوئی کجی اور کوئی کمی نہیں۔ واضح اور روشن دلیلیں اور روشن حجتیں ہیں۔ اگر یہ کسی اور زبان میں ہوتا تو اسے سمجھنے کے لیے ترجمانوں کے علاوہ اور بھی کئی قسم کی دشواریاں پیش آ سکتی تھیں۔ یہ ان کی مادری زبان میں نازل فرمایا جسے لوگ بہ آسانی سمجھ سکتے ہیں اور اس لیے کہ اسے پڑھ کر، سن کر لوگ اپنا بچاؤ کر لیں۔ اس کے عذاب کی آیتوں کو سامنے رکھ کر برائیاں چھوڑ دیں۔ اور اس کے ثواب کی آیتوں کی طرف نظریں رکھ کر نیک اعمال میں محنت کریں۔