سورة ص - آیت 20

وَشَدَدْنَا مُلْكَهُ وَآتَيْنَاهُ الْحِكْمَةَ وَفَصْلَ الْخِطَابِ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

ہم نے اس کی سلطنت مضبوط کی۔ اس کو حکمت عطا فرمائی اور فیصلہ کُن بات کہنے کی صلاحیت بخشی تھی

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یعنی اس کی سلطنت ہم نے مضبوط کر دی تھی۔ اور بادشاہوں کو جن جن چیزوں کی ضرورت پڑتی ہے ہم نے سب اسے دے دیں چار ہزار تو ان کی محافظ سپاہ تھی۔ ہم نے اسے حکمت دی تھی یعنی فہم و عقل، زیر کی اور دانائی، عدل و فراست، کتاب اللہ اور اس کی اتباع، نبوت و رسالت وغیرہ عطا کی۔ اور جھگڑوں کا فیصلہ کرنے کا صحیح طریقہ بھی بخشا جیسے گواہی لینا قسم کھلوانا، مدعی کے ذمہ بار ثبوت ڈالنا مدعا علیہ سے قسم لینا وغیرہ۔ (تفسیر طبری: ۲۱/ ۱۷۳۔ ۱۷۲)