سورة السجدة - آیت 16

تَتَجَافَىٰ جُنُوبُهُمْ عَنِ الْمَضَاجِعِ يَدْعُونَ رَبَّهُمْ خَوْفًا وَطَمَعًا وَمِمَّا رَزَقْنَاهُمْ يُنفِقُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

ان کی کروٹیں بستروں سے الگ رہتی ہیں وہ اپنے رب کو خوف اور لالچ کے ساتھ پکارتے ہیں اور جو کچھ ہم نے انہیں رزق دیا ہے اس میں سے خرچ کرتے ہیں۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یعنی وہ راتوں کو اللہ تعالیٰ کی عبادت میں کھڑے ہو جاتے ہیں اور جتنا وقت دنیا دار اللہ کی نافرمانیوں میں گزارتے ہیں۔ اللہ کے بندے اس کی فرمانبرداری اور عبادت میں گزارتے ہیں۔ وہ عذاب جہنم سے ڈر کر اور جنت کی امید رکھ کر اللہ کو پکارتے ہیں یا عبادت کو اللہ کی رحمت اور مہربانی کی اُمید رکھ کر کرتے ہیں مگر ساتھ ہی ساتھ اللہ سے ڈرتے بھی رہتے ہیں کہ کہیں ان کے اس عمل میں کچھ تقصیر نہ رہ جائے اور وہ اللہ کے ہاں مقبول ہی نہ ہو۔ تاہم ان میں اللہ سے حسن ظن یا اس کی رحمت اور مہربانی کا پہلو ہی غالب رہتا ہے ۔ اور یہ پہلو زندگی بھر غالب رہتا ہے۔ جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ’’ تم میں سے کوئی شخص اس حال میں نہ مرے کہ وہ اللہ عزوجل سے حسن ظن نہ رکھتا ہو۔‘‘ (مسلم: ۲۳۳۶) بستروں سے الگ رہنے اور اللہ کو پکارنے سے مراد نماز تہجد ہے۔ جس کی احادیث میں بہت فضیلت ہے۔ تاہم بعض علماء نے اس سے صبح کی نماز مراد لی ہے۔ بعض نے عشا اور بعض نے نمازِ مغرب اور عشا کے درمیان نوافل کو مراد لیا ہے۔ تاہم راجح قول پہلا ہی ہے۔ ہمارے رزق میں سے خرچ کرتے ہیں: یعنی صدقہ و خیرات کرتے ہیں اپنی حیثیت کے مطابق اللہ کی راہ میں خرچ کرتے ہیں۔ انفاق میں صدقات واجبہ (زکوٰۃ) اور عام صدقہ و خیرات دونوں شامل ہیں اہل ایمان دونوں کا حسب استطاعت اہتمام کرتے ہیں۔ تاکہ تزکیہ نفس ہوتا رہے اور بخل کے مرض سے دل پاک ہو۔ اسی لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ آگ سے خود کو بچاؤ خواہ کھجور کے ایک ٹکڑے سے ہی سہی۔‘‘ (بخاری: ۴۸۱۴، تیسیر القرآن)