سورة الروم - آیت 19

يُخْرِجُ الْحَيَّ مِنَ الْمَيِّتِ وَيُخْرِجُ الْمَيِّتَ مِنَ الْحَيِّ وَيُحْيِي الْأَرْضَ بَعْدَ مَوْتِهَا ۚ وَكَذَٰلِكَ تُخْرَجُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

وہ زندہ کو مردے سے نکالتا ہے اور مردے کو زندہ سے نکالتا ہے اور زمین کو اس کی مردگی کے بعد زندگی بخشتا ہے۔ اسی طرح تم بھی نکال لیے جاؤ گے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

زندگی اور موت کا خالق مردوں کو زندہ سے اور زندہ کو مردوں سے نکالنے والا اللہ ہی ہے۔ اس شے پر اور اس کی ضد پر وہ قادر ہے ۔ دانے سے درخت، درخت سے دانے،مرغی سے انڈا انڈے سے مرغ، نطفے سے انسان، انسان سے نطفہ، مومن سے کافر،کافرسے مومن غرض ہر چیز اور اس کے مقابلہ کی چیز پر اسے قدرت حاصل ہے۔ خشک زمین کو وہی تر کردیتاہے۔ بنجر زمین میں وہ ہی زراعت پیداکردیتاہے جیسے سورت یٰسٓ میں فرمایاکہ خشک زمین کاتروتازہ ہو کر طرح طرح کے اناج اور پھل پیداکرنابھی میری قدرت کا ایک کامل نشان ہے۔ اور بھی بہت سی آیتوں میں اس مضمون کو کہیں مفصل کہیں مجمل بیان فرمایا۔ پھر اسی طرح تم سب بھی مرنے کے بعد قبروں میں سے زندہ کرکے کھڑے کردیے جاؤ گے ۔ (ابن کثیر)