سورة العنكبوت - آیت 36

وَإِلَىٰ مَدْيَنَ أَخَاهُمْ شُعَيْبًا فَقَالَ يَا قَوْمِ اعْبُدُوا اللَّهَ وَارْجُوا الْيَوْمَ الْآخِرَ وَلَا تَعْثَوْا فِي الْأَرْضِ مُفْسِدِينَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اور مدین کی طرف ہم نے ان کے بھائی شعیب کو بھیجا اس نے فرمایا اے میری قوم کے لوگو ! اللہ کی عبادت کرو اور آخرت کے دن کی امید رکھو اور زمین میں فسادی بن کر نہ رہو۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

شعیب علیہ السلام اللہ کے بندے اور اس کے سچے رسول تھے انھوں نے اپنی قوم کو ایک اللہ کی عبادت کاحکم دیا انھیں اللہ کے عذابوں اور اس کی سزاؤں سے ڈرایا۔ انھیں قیامت کے ہونے کایقین دلا کر فرمایاکہ اس دن کے لیے کچھ تیاریاں کرلو۔ لوگوں پر ظلم وزیادتی نہ کرو ۔ اللہ کی زمین میں فساد نہ کرو۔ برائیوں سے دور رہو ۔ ان میں ایک عیب یہ بھی تھاکہ وہ ناپ تول میں کمی کرتے تھے لوگوں کا حق مارتے تھے، ڈاکے ڈالتے تھے، راستے بند کردیتے تھے، جن سے زمین فساد سے بھر گئی تھی۔