سورة القصص - آیت 8

فَالْتَقَطَهُ آلُ فِرْعَوْنَ لِيَكُونَ لَهُمْ عَدُوًّا وَحَزَنًا ۗ إِنَّ فِرْعَوْنَ وَهَامَانَ وَجُنُودَهُمَا كَانُوا خَاطِئِينَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” فرعون کے گھروالوں نے موسیٰ کو نکال لیا تاکہ وہ ان کا دشمن اور ان کے لیے غم کا باعث بنے۔ واقعی فرعون اور ہامان اور ان کے لشکر بڑے غلط کار تھے۔ (٨)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یہ تابوت بہتاہوافرعون کے محل کے پاس پہنچ گیاجولب دریاہی تھاوہاں فرعون کے نوکروں چاکروں نے اسے پکڑکرباہرنکال لیا۔ اور لونڈیاں اسے اُٹھاکرفرعون کی بیوی کے پاس لے گئیں جب اسے کھولاگیاتواس میں ایک نہایت خوبصورت نورانی چہرے والاصحیح سالم بچہ لیٹا ہوا تھا، جسے دیکھتے ہی ان کادل مہرومحبت سے بھرگیا۔اس میں بھی رب کی مصلحت تھی کہ فرعون کی بیوی آسیہ جس کے متعلق قرآن نے ایک دوسرے مقام پر تصریح کردی ہے کہ وہ فرعون کے ظالمانہ کاموں سے سخت بیزارتھی،فرعون کی بیوی کوراہ راست دکھائے اورفرعون کے غرورکوڈھائے۔