سورة النمل - آیت 6

وَإِنَّكَ لَتُلَقَّى الْقُرْآنَ مِن لَّدُنْ حَكِيمٍ عَلِيمٍ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” اور اے نبی بلاشبہ یہ قرآن آپ پر اللہ حکیم وعلیم کی طرف سے نازل ہو رہا ہے۔“ (٦)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یہ قرآن ایسی ہستی کی طرف سے نازل شدہ ہے جو تمام لوگوں کے احوال سے پوری طرح باخبر ہے۔ اس کی نظر وں میں سب انسان بحیثیت انسان ایک جیسے ہیں جو ہر ایک کے حقوق و فرائض اپنے اسی وسیع علم کی بنا پر مقرر کرتی ہے۔ اس کے ہر حکم میں کچھ نہ کچھ حکمتیں مضمر ہوتی ہیں اور اس کے سب احکام سراسر عدل و انصاف والے ہیں جیساکہ سورۂ انعام (۱۱۵) میں ارشاد ہے۔ ﴿وَ تَمَّتْ كَلِمَتُ رَبِّكَ صِدْقًا وَّ عَدْلًا﴾ ’’اور تیرے رب کی بات سچ اور انصاف کے اعتبار سے پوری ہوگئی۔‘‘