سورة النور - آیت 1

سُورَةٌ أَنزَلْنَاهَا وَفَرَضْنَاهَا وَأَنزَلْنَا فِيهَا آيَاتٍ بَيِّنَاتٍ لَّعَلَّكُمْ تَذَكَّرُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” اس سورۃ کوہم نے نازل کیا ہے اور اسے ہم نے فرض کیا ہے اور اس میں ہم نے واضح دلائل نازل کیے شاید کہ تم نصیحت حاصل کرو۔“

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اس سورت کی پہلی آیت بطور تمہید کے ہے۔ اس سورت میں نازل کردہ احکام کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ نیز فرمایا کہ ان احکام کی حیثیت محض سفارشات کی نہیں بلکہ ان پر عمل کرنا فرض قرار دیا گیا ہے۔ نیز یہ احکام ہیں بھی ایسے جن میں کسی قسم کا ابہام یا الجھاؤ نہیں کہ کوئی حکم تم پر مشتبہ ہو جائے اور ان احکام کو تمہیں ہر وقت یاد رکھنا چاہیے بھولنا نہیں چاہیے۔